اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان محترمہ مرضیہ افخم نے ایران کے بارے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی قرارداد کو دہرے معیار پر مبنی ایک سیاسی اقدام قرار دیا ہے۔ محترمہ مرضیہ افخم نے اتوار کے دن اس نکتے پر تاکید کرتے ہوئے مزید کہا کہ قرارداد پیش کرنے والوں کا مقصد ملکوں کے درمیان اختلافات پیدا کرنا ، دوسروں پر اپنے خاص معیار مسلط کرنا اور انسانی حقوق سے متعلق عالمی قوانین میں خلل ڈالنا ہے جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران انسانی حقوق کے بارے میں ایسے رویۓ کو غیر اصولی اور غیر مفید جانتا ہے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے اٹھائیس مارچ کو بہت کم ووٹوں سے ایک ایسی قرارداد منظور کی جس کے مطابق ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر احمد شہید کے مشن میں ایک سال کی توسیع کر دی گئي ہے۔ مالدیپ سے تعلق رکھنے والے سفارتکار احمد شہید کو مارچ سنہ دو ہزار گيارہ میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی جانب سے ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں رپورٹ تیار کرنے کے لۓ منتخب کیا گيا تھا۔ احمد شہید نے ان تمام برسوں کے دوران ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں غلط اور بے بنیاد رپورٹیں پیش کیں۔ واضح سی بات ہے کہ اس طرح کی رپورٹیں یورپ کے ذرائع ابلاغ کے کام آتی ہیں جن کو وہ ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال ابتر ظاہر کرنے کے لۓ پروپیگنڈے کے حربے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
ایران کے بارے میں احمد شہید کی رپورٹیں حقیقت میں انسانی حقوق کے دہرے معیار کا ایک نمونہ ہیں اور ان کو سامراجی طاقتوں کے سیاسی مفادات کی بنیاد پر تیار کیا جاتا ہے۔
سوال یہ ہے کہ قرارداد پیش کرنے والوں نے ایران میں انسانی حقوق کی پیشرفت اور عالمی اداروں کے تعاون پر مبنی ایران کے مثبت اور مفید اقدامات کو نظر انداز کیوں کیا ہے؟
واضح ہے کہ ایران میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے دعوے کو دہرانے کا مقصد دنیا کی اقوام کے نزدیک ایران کی غلط تصویر پیش کرنا ہے اور اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر احمد شہید کے مشن میں ایک سال کی توسیع اور ایران مخالف رپورٹوں کے تسلسل کا اسی تناظر میں جائزہ لیا جانا چاہۓ۔ ان امور سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ مقصد انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانا نہیں ہے بلکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف ایک حربہ اپنے پاس رکھنا ہے۔ احمد شہید کی پیش کردہ رپورٹیں اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف تشہیراتی مہم کے سوا اور کچھ نہیں ہیں اور جیساکہ امریکی وزارت خارجہ کے حکام نے بھی کہا ہے کہ ان رپورٹوں کے متن کی ڈکٹیشن امریکہ اور بعض یورپی حکومتیں دیتی ہیں۔
احمد شہید کے مشن میں توسیع ایران کے خلاف دہرائے جانے والے سناریو کا ایک حصہ ہے۔ اور یہ توسیع اس امید کے ساتھ کی گئي ہے کہ شائد ایران پر ڈالے جانے والے دباؤ کو انسانی حقوق کے دفاع کے نام پر جائز قرار دیا جا سکے۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہا جاسکتا ہے کہ احمد شہید جیسے رپورٹر اور ان کے بیانات درحقیقت امریکہ اور یورپ میں اس کے ایران مخالف اتحادیوں کی مخاصمانہ پالیسیوں کا تسلسل ہیں۔
جیساکہ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے بیانات میں بھی صراحت کے ساتھ کہا گيا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران انسانی حقوق کے سلسلے میں حقیقی تشویشوں کو کم کرنے کی بہت زیادہ صلاحیتوں کا حامل ہے اور اسی قدر وہ انسانی حقوق کے مسئلے کو سیاسی رنگ دیۓ جانے کا مخالف بھی ہے۔ ظاہر ہے کہ ایران کے اسلامی جمہوری نظام کا موقف یہ ہے کہ انسانی حقوق عالمی اہمیت کا مسئلہ ہے۔ یہی وجہ کہ اسلامی جمہوریہ ایران عالمی اداروں میں انسانی حقوق کا کماحقہ دفاع کرتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲